کراچی کے علاقے گلبرگ میں موسی کالونی میں بچوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملے پر پولیس کا کہنا ہے کہ سوتیلی ماں نے بچوں کو گھر میں رکھنے کے لیے انہیں زنجیر سے باندھا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام کی جانب سے جیو نیوز کی خبر پر نوٹس لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ بچوں، ماں اور بہن کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، صبح 6 بجے گھر کے تمام اراکین کو اپنی حفاظتی تحویل میں لیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے پر حکم کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ دوسری جانب علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ سوتیلی ماں نے چھوٹے بچوں کو زنجیروں سے باندھ رکھا تھا۔
پولیس کے مطابق بچوں کی سوتیلی ماں نے بچپن میں اُنہیں سنبھالا ہے، بچے بتائے بغیر 3، 3 دن کے لیے گھر سے بھاگ جاتے ہیں۔
پولیس کو بیان دیتے ہوئے بچوں کی سگی بہننے کہا کہ دونوں بھائی اکثر 3،3 دن کے لیے گھر سےغائب رہتے ہیں، ایک بھائی کے کمزور ہونے کی وجہ اس کا مسلسل بیمار رہنا ہے۔
پولیس نے بچوں، سوتیلی ماں اور سگی بہن کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بیمار بچے کے علاج کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ نے رقم فراہم کی ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اگلے3ماہ تک ڈی ایس پی گلبرگ ہر روز خاندان سے ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ متاثرہ بچوں کی کپڑوں کے بغیر زنجیروں سے جکڑی ویڈیو جاری ہوئی تھی۔
