’کورونا کے علاج کی دوا ڈیکسامیتھاسون کی مارکیٹ میں خرید و فروخت کو مانیٹر کیا جائے‘

Spread the love

چیف ڈرگ کنٹرولرپنجاب نے کورونا وائرس کے علاج میں موثر ثابت ہونے والی دوا ڈیکسامیتھاسون کی مارکیٹ میں خریدو فروخت کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ماسک سمیت دیگر طبی اشیاء اور ادویات کی دستیابی کا مارکیٹ میں فقدان دیکھا گیا ہے تاہم اس خدشے کے باعث چیف ڈرگ کنٹرولرپنجاب نے ڈرگ انسپکٹرز کے نام مراسلہ لکھا جس میں ڈیکسامیتھاسون کی خریدو فروخت پر نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈرگ کنٹرولرپنجاب نے مراسلے میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے یہ دوا اہم ہے لہذا دوا کی موجودگی اور ترسیل سے متعلق رپورٹ کل تک جمع کرائی جائے۔

یہ بھی پڑھیے: ڈیکسامیتھاسون کورونا مریضوں کی جان بچانے والی پہلی تصدیق شدہ دوا قرار

واضح رہے کہ برطانیہ کے سائنسدانوں نے اسٹیرائیڈ دوا ڈیکسامیتھاسون کو کورونا وائرس کے علاج میں انتہائی مؤثر قرار دیا ہے۔
برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کورونا کے خلاف ڈیکسامیتھاسون دوا کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس کے استعمال سے 3 میں سے ایک شدید بیمار کورونا مریض صحت یاب ہونے لگا ہے۔
برطانوی سائنسدان پروفیسرپیٹر ہاربے کے مطابق یہ اب تک کی پہلی دوا ہے جس نے کورونا میں اموات کو کم کرکے دکھایا ہے اور یہ ایک اہم پیشرفت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں