15دن کے لیے پورے ملک میں مکمل لاک ڈاون لگایاجائے،وفاقی حکومت کو نئی تجویز پیش

Spread the love

ملک بھرمیں کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافے پر سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ پورے ملک میں 15 دنوں کے لیے کرفیو جیسا لاک ڈاون لگادیا جائے۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے جیو نیوز کے پروگرام ‘نیا پاکستان’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے کے پورے شہروں سے مریض سامنے آرہے ہوں تو سمارٹ لاک ڈاؤن کی سمجھ نہیں آتی۔
انہوں نےکہا کہ سندھ حکومت اس سلسلے کو بہت گہرائی سے دیکھ رہی ہے اور ایک وقت ایسا آئے گا جب صحت کا سسٹم بیٹھ جائیگا کیونکہ جن ممالک کے پاس وسائل کی کمی نہیں تھی وہ لوگوں کی ضروریات پوری نہیں کرپائے تو ہمارے لیے بہت مشکل ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے شروع سے کہہ رہے تھے کہ وائرس کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں مگر وفاق اور وزیراعظم کا نقطہ نظر الگ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 10 لاکھ بہت آگے کی بات ہے، اگر ڈھائی تین لاکھ کیسز تک بات پہنچ گئی تو ہمارے اسپتال اور ڈاکٹرز کے پاس اتنی صلاحیت نہیں ہوگی کہ ہم سنبھال سکیں۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ہر صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن جس تیزی سے نمبرز بڑھ رہے ہیں تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ اس صورتحال سے سنبھال سکیں۔
خیال رہے ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میٰں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ آج جاری کیے گئے حکومتی اعدادوشمار کے مطابق ملک بھرمیں کورونا کے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ چوالیس ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 27سو سے زائد افراد اب تک جان بحق ہوچکے ہیں، صرف پنجاب میں اموات ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں