سوشانت سنگھ راجپوت: بالی وڈ کے نوجوان اداکار نے خودکشی کر لی

Spread the love

بالی وڈ کے معروف اداکار 34 سالہ سوشانت سنگھ راجپوت اپنے گھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔
ان کی لاش ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع ان کے گھر سےملی ہے اور اطلاعات کے مطابق انھوں نے خودکشی کی ہے۔
صحافی مدھو پال کے مطابق اس واقعے کے بارے میں سوشانت سنگھ راجپوت کے نوکر نے پولیس کو اطلاع دی اور خودکشی کی وجہ ابھی واضح نہیں ہے۔
21 اگست سنہ 1986 کو انڈیا کی شمالی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں پیدا ہونے والے سوشانت ممبئی میں اکیلے رہتے تھے۔
سوشانت نے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے خواب کی تکمیل کے لیے فلمی دنیا کا رخ کیا تھا۔
ابتدا میں انھوں نے بیک اپ ڈانسر کے طور پر کام کیا۔ اس کے بعد ‘کس دیس میں ہے میرا دل’ نامی ایک ٹی وی سیریئل میں کام کیا۔ پھر ٹی وی سیریل ‘پوتر رشتہ’ نے ان کی مقبولیت کو گھر گھر پہنچا دیا۔
اس کے علاوہ انھوں نے ریئلٹی ڈانس شو جھلک دکھلا جا میں بھی شرکت کی جس کے بعد انھیں فلموں میں بریک ملا اور کائی پو چے میں ایک اہم کردار نبھایا۔
سوشانت راجپوت نے حالیہ برسوں میں کئی اہم فلموں میں کام کیا جن میں انڈیا کے سابق کرکٹ کپتان مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر مبنی فلم بھی شامل ہے۔

ان کی اہم فلموں میں ‘ڈٹیکٹو بیومکیش بخشی’، ‘ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ سٹوری’، ’کیدار ناتھ‘، ‘کائی پوچے’، اور ‘چھچھورے’ جیسی فلمیں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عامر خان کی فلم ’پی کے‘ میں انھوں نے پاکستانی لڑکے سرفراز کا کردار نبھایا تھا جو سرحد کے دونوں جانب بہت مقبول ہوا تھا۔
‘ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ سٹوری’ کے لیے انھیں فلم فیئر ایوارڈز میں بہترین اداکار کے لیے نامزد بھی کیا گيا تھا۔
سائنس گلپ پر ان کی فلم ‘چندا ماما دور کے’ آنے والی تھی لیکن بجٹ کی کمی کے سبب اس کی شوٹنگ فی الحال روک دی گئی تھی۔
سوشانت سنگھ فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی پہلی ایسی نوجوان شخصیت نہیں جنھوں نے اپنی جان لی ہو۔
گذشتہ برس دسمبر میں سوشانت کی ہی طرح ٹی وی سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے کے بعد فلموں کا رخ کرنے والے اداکار کشال پنجابی بھی باندرہ کے علاقے میں ہی اپنے گھر میں مردہ حالت میں ملے تھے۔ اس سے پہلےسنہ 2013 میں نوجوان اداکارہ جیا خان بھی ممبئی میں ہی اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں