لاک ڈون کا خاتمہ اور امتحانات کی منسوخی …. آغر ندیم سحر

Spread the love

کالم لکھنے کے لیے لیپ ٹاپ آن کیا تو جن خبروں نے اپنی جانب متوجہ کیا ان میں سب سے نمایاں لاک ڈون ختم ہونے‘مارکیٹیں کھلنے اور تعلیمی ادارے بند ہونے کی اطلاعات تھیں۔مزید یونیسیف کی رپورٹ کے ہوش ربا انکشافات نے بھی اپنی جانب توجہ مبذول کروائی جس کے مطابق کرونا کی وجہ سے دنیا بھر میں بچوں کی پیدائش میں ریکارڈ اضافہ ہوگا اور ان میں بھی سب سے زیادہ پاکستان اور بنگلہ دیش متاثر ہوں گے۔یعنی دنیا بھر میں 116ملین بچے پیدا ہوں گے ،جنوبی ایشیا میں 29ملین جبکہ مارچ سے دسمبر تک پاکستان میں پانچ ملین بچے پیدا ہوں گے۔بھارت میں بیس ملین بچے پیدا ہونے کی خوش خبری سنائی گئی اور اس کی وجہ کرانٹائین ڈیز بتایا گیا ہے۔خیراگرمیں لاک ڈون پر بات کروں تو یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے اور ہم پہلے دن سے اس بات کا شور ڈال رہے ہیں کہ پاکستانی قوم کو لاک ڈون کبھی بھی گھروں میں نہیں روک سکتا اور اس کا مظاہرہ ہم نے بارہا بازاروں اور سڑکوں پر دیکھا بھی جہاں لو گ بلاضرورت بھی مٹر گشت کرتے نظر آئے لہٰذا جہاں کرونا کی تعدادمسلسل بڑھ رہی ہے یعنی ہفتے کے روز محض ایک د میںپاکستان میںدو ہزار نئے کیسز ریکارڈ ہوئے تو ایسے میں لاک ڈون ختم ہونے کے بعد کیا کچھ ہوگا ‘شاید اس کا ہمیں اندازہ نہیں۔لاک ڈون ختم ہو گیا ‘اب جو عوام پچھلے دو ماہ سے گھروں میں مقید تھی وہ ایک دم باہر آئے گی جس کا اندازہ شاید وزیر اعظم کو بھی ہے اسی لیے انھوں نے بار بار ایس او پیز بنانے کا ذکر بھی کیا لیکن مجھے لگتا ہے کہ حالات اب مزید خراب ہو جائیں گے اگر ہم نے ایس او پیز پر سختی سے عمل نہ کروایاتو کہیں ایسا نہ ہو کہ رمضان کے بعدہمیں دوبارہ سے لاک ڈون کی طرف جانا پڑے اور اگر واقعی ایسا ہوا تو دوسری دفعہ لگنے والا لاک ڈون پہلے کی نسبت زیادہ سخت اور خطرناک ہوگا۔پاکستانی قوم کو واقعی پیار کی زبان سمجھ نہیں آتی اور یہ بات آپ اگلے چند روز میںخود دیکھ لیجیے گا کہ بازاروں اور مارکیٹوں میں عوام کس طرح باہر نکلتے ہیں یعنی یوں نظر آئے گا جیسے یہ لوگ صدیوں کے قیدی تھی‘ایک دم رہائی ملی ہے اور بازاروں اور گلیوں میں بھاگ نکلے۔میں لاک ڈون کے دنوں میں بھی جب بازاروں اور سڑکوں کی طرف نکلا تو مجھے قطعاً کسی بھی طرح کی احتیاط نظر نہیں آئی۔یکم رمضان سے لے کر نو مئی تک مسلس بازار لوگوں سے بھرے رہے اور بنا کسی احتیاط کے لوگ خریداری کرتے رہے اور حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑائی جاتی رہیں۔اب لاک ڈون ختم ہوگیا‘ٹریفک بھی کچھ دنوں تک بحال ہو جائے گی‘وزیر ریلوے بھی بار بار یہی شور ڈال رہے ہیں کہ ریلوے کو بحال کیا جائے کیونکہ ریلوے نہیں چلے گی تو ہمارے پاس تنخواہیں دینے کے لیے اکاونٹ میں کچھ نہیں رہا لہٰذا ٹرینیں بحال کریں تاکہ خسارہ ختم ہو سکے سو اگلے چند دنوں میں ٹرینیں بحال ہو جائیں گی اور یوں دیکھیے گا کہ اگلے محض دس دنوں میں (اللہ نہ کرے)کرونا اس ملک میں کیسے تباہی مچاتا ہے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستانی قوم کو سمجھانا اور سنبھالنا بہت مشکل ہے کیونکہ اس’’ عقل مند‘‘ قوم کو جس کام سے روکا جاتا ہے یہ وہی کام اس لیے کرتی ہے کہ ہم دیکھیں تو سہی کہ ہمیں روکا کیوں گیا اور ایسے میں اپنا ہی بیڑا غرق کر بیٹھتی ہے۔
مزید جس خبر نے انتہائی پریشان کیا وہ محکمہ تعلیم کا تمام تعلیمی بورڈز کے امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان تھا جسے یقینا حکومت کو تبدیل کرنا پڑے گا۔کرونا وائرس اور لاک ڈون کی وجہ سے پہلے ہی تعلیم کا جس قدر نقصان ہوا میں پورے وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ اگلے کئی سال ہم اس کے آفٹر شاکس برداشت کرتے رہیں گے کیونکہ یہ ملک کبھی بھی ایسے فیصلے کا متحمل نہیں ہو سکتا تھا اور اس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ ہم نے آج تک آن لائن نظامِ تعلیم کو کوئی اہمیت ہی نہیں دی تھی،ہم نے آج تک اپنے تعلیمی ڈیپارٹمنٹس کو ماڈرنیٹ نہیں کیا اور آج جب آن لائن تعلیم کی ضرورت پڑی تو ملک کے ننانوے فیصد بڑے تعلیمی ادارے بھی ’’صفر‘‘ہو گئے اور اس کا نقصان کس قدر ہوا ،اس کا اندازہ ان سٹوڈنٹس سے پوچھا جا سکتا ہے جنہیں آن لائن لیکچرز کے نام پر پچھلے ایک ماہ سے لالی پاپ دیا جا رہا ہے۔ہمیں یہ بات تسلیم کر لینی چاہیے کہ ہمارے پاس آن لائن نظامِ تعلیم کا کوئی واضح روڈ میپ نہیں اور شاید اگلے کئی سال تک یہ ممکن بھی نہ ہو سکے۔جس قوم نے پچھلے ستر برس سڑکیں بنانے‘برج تیار کرنے اور انڈر پاس بنانے پر فخر محسوس کیا ہوا،اسے آن لائن نظامِ تعلیم کی اہمیت کا خاک اندازہ ہوگا۔کتنی عجیب بات ہے کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک تعلیمی میدان میں کس قدر نئے امکانات لے کر آئے اور پاکستانی حکمران ہمیشہ موٹروے‘میٹرو‘ اورنج لائن،سڑکیں اور انڈر پاس جیسے منصوبوں پر محنت کرتے رہے کیونکہ ہماری اپنی ملوں اور فیکٹریوں کا سوال تھا لہٰذا وہی کیا جو ہماری تاجر اور سرمایہ داراذہان نے سوچا یا مشورہ دیا۔اس ملک پر پچھلے ستر سال یا تو تاجروں اور سرمایہ داروں نے حکومت کی یا پھر آمروں نے سو ایسے حکمرانوں سے کیا توقع کہ تعلیمی میدان میں کوئی نئی اصلاحات لائی جائیںگے۔ اب حکومت یہ واضح کرے کہ امتحانات کی منسوخی کے بعد یونیورسٹیز میں میڈیکل‘انجینئرنگ کا میرٹ کس بنیاد پر بنے گا؟یا نویں پاس کیے بغیر دسویں میں اور بارہویں پاس کیے بنا یونیورسٹیز میں کس بنیاد پر بھیجا جائے گا؟۔یقینا کوئی قابلِ قدر لائحہ عمل نہیں ہوگا کیونکہ میں وزیر تعلیم شفقت محمود کئی جگہوں پر یہ اعتراف کر چکے ہیں کہ’’میں کوئی ایجوکیشنسٹ نہیں ہوں‘‘لہٰذا جناب وزیر تعلیم صاحب خود ماہرِ تعلیم نہیں تو وہ یقینا وہی کریں گے جو ان کے مشیران کہیں گے مگر بطور استادیہ واضح کر رہا ہوں کہ ہمیں آخر کار یہ فیصلہ بدلنا ہوگا اور اگر ایسا نہ کیا تو اگلے کئی سال اس فیصلے کے نقصانات ہمیں جھیلنے پڑیں گے اور محکمہ تعلیم جو پہلے ہی بیساکھیوں پہ چل رہا ہے یہ مکمل طور پر بیٹھ جائے گا۔ لہٰذا حکومت اس ملک پر رحم کرے اور سب سے پہلے تمام تعلیمی اداروں کو پابند کرے کہ اگلے چند سالوں تک تعلیمی اداروں میں آن لائن نظامِ تعلیم شروع کیا جائے تاکہ دوبارہ کسی بھی ہنگامی صورت میں تعلیمی نقصان سے بچا جائے اور مزید یہ بھی شرط عائد کر دے کہ وہی تعلیمی ادارہ چل سکے گا جس کے پاس بہترین آن لائن سسٹم موجود ہوگا ۔ورنہ گلی محلوں اور پلازوں میں بننے والے ادارے اور یونیورسٹیاںبند کر دی جائیں کیونکہ ان کا مقصد تعلیم کا فروغ نہیں بلکہ پیسہ اکٹھا کر نا ہوتا ہے اور ایسے تعلیمی تاجروں کو سختی سے حکم دیا جائے کہ سرمایہ داری بہت ہو گئی،اب تعلیمی میدان میں کام کرنے کی ضرورت ہے اور اگر کوئی ایسا نہیں کرتاتو اس کے لیے سختی سے لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں