آج حکومت سب سے زیادہ خود نیب سے تنگ ہے، ن لیگی رہنما خاقان عباسی

Spread the love

سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت ہی جعلی ہے، حکومت چل نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ نیب قوانین میں ترامیم کرلیں، ہم نے نیب ترامیم حکومت کو بھجوا رکھی ہیں، حکومت طرح طرح کے بہانے کرتی رہی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں اب تک نہیں معلوم کہ ہمارے خلاف کیس کیا ہے، یہاں فیس دیکھے جاتے ہیں کیس نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب فیس بدل رہے ہیں، کیس تو یہاں ہے نہیں، اب حکومتی چہرے بھی جلد یہاں نظر آئیں گے، ایل این جی کیس کو 2 سال گزر گئے لیکن نیب کیس نہیں بنا سکا۔
سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم حاضر ہیں بھگتنے کے لیے لیکن یہ نہیں بھگت سکیں گے، نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، کورونا کا اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق صوبوں سے لڑنے میں مصروف ہے، ملک کو اکٹھا کرنا وزیرِ اعظم عمران خان کا کام تھا لیکن انہوں نے تقسیم کر کے رکھ دیا۔
شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے اندر کوئی اختلاف نہیں، البتہ اختلافِ رائے ضرور ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں