فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ میں رشی کپور کو دلچسپی تھی:پروڈیوسر عمارہ حکمت

Spread the love

نئی آنے والی پاکستانی فلم ’لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے انکشاف کیا ہے کہ چند روز قبل دنیا سے رخصت ہونے والے بھارت کے سینئر اداکار رشی کپور اُن کی فلم کی ریلیز میں دلچسپی رکھتے تھے۔
عمارہ حکمت نے ماضی میں ٹوئٹر پر رشی کپور سے اپنی فلم کے حوالے سے کی گئی گفتگو کا اسکرین شاٹ انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ رشی کپور اکثر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کے بارے میں پوچھا کرتے تھے اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے تھے۔

اسکرین شاٹ شیئر کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے عمارہ کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے رشی کپور کی اچانک موت کی خبر سنی تو وہ بہت غمزدہ ہوگئیں تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ رشی کپور سے کی گئی گفتگو دیکھنے جب ٹوئٹر پر گئیں تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں کہ گزشتہ ماہ رشی کپور نے ان سے بذریعہ ٹوئٹر رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
عمارہ کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر پر مستقل غیر فعالی کے باعث وہ یہ پیغام نہ دیکھ سکیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں رشی کپور کے پیغامات کا جواب نہ دینے کا دُکھ ہمیشہ رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو برسوں سے قانونی تنازعات کا شکار پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
فلم میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اورحمیمہ ملک جیسے سپر اسٹارز نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں