عرفان خان کےٹویٹر اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ ،جس نے دنیا کو ہلا کے رکھ دیا

Spread the love

تین روز قبل دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کے اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ سامنے آئی ہے جو ان کی اہلیہ نے پوری فیملی کی جانب سے شیئر کی ہے۔
اس پوسٹ کا عنوان ہے ’منجانب سُتایا ، بابیل اور ایان‘ ۔

یہ بھی پڑھیے: عرفان خان: بڑے خواب دیکھنے والا روایت شکن فنکار

عرفان خان کے اہل خانہ کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’میں کیسے اس تحریر کو ایک ’فیملی کا بیان ‘ کہہ دوں جبکہ پوری دنیا ہی عرفان خان کی موت کو ’ذاتی نقصان‘ قرار دے رہی ہے اور میں کیسے خود کو تنہا محسوس کروں جبکہ لاکھوں لوگ ہمارے ساتھ اس غم میں شریک ہیں۔‘
عرفان خان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ وہ سب کو یہ یقین دلانا چاہتی ہیں کہ یہ نقصان نہیں ہے بلکہ حاصل ہے، حاصل ان چیزوں کا جو وہ ہمیں سِکھا کے گئے اور اب ہمیں ان پر عمل درآمد کرنا ہے

ستاپا نے پوسٹ میں اس بات کا شکوہ بھی کیا کہ ’عرفان خان نے مجھے بگاڑ دیا ہے، ان کی ہر چیز ’ پرفیکٹ‘ کرنے کی کوشش کی عادت اب مجھے کسی مقام پر اطمینان نہیں دلاتی۔‘
انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں لکھا کہ’ ہماری شادی، شادی نہیں ایک اتحاد تھا اور ہماری زندگی اداکاری کی ماسٹر کلاس تھی، میں نے ڈاکٹرز کی رپورٹس کو بھی اسکرپٹ کی طرح پڑھا تاکہ عرفان اس میں بھی پرفیکٹ پرفارمنس دیں۔‘
انہوں نےعرفان خان کا علاج کرنے والے تمام ڈاکٹرز کا نام لے کر ان کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے: بالی وڈ اداکار عرفان خان انتقال کر گئے

عرفان خان کی بیماری سمیت ان کے ساتھ گزارے دیگر خوشی و غم کے لمحات کو یاد کرتے ہوئے سُتاپا نے ان کیفیات کو ناقابلِ بیان قرار دیا ۔
انہوں نے لکھا کہ’میں نے اپنی فیملی ایک کشتی میں سوار دیکھی جس میں میرے دونوں بیٹے اور عرفان سوار ہیں، اور عرفان راستہ سمجھانے میں ان کی رہنمائی کررہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ جب وہ اپنے بچوں سے پوچھتی ہیں کہ انہیں اپنے والد کی سکھائی گئی کوئی بات یاد ہے تو وہ بتاتے ہیں کہ والد کہتے تھے کہ اپنے خیالات کو اپنے قابو میں رکھو تاکہ وہ تم پر قابض نہ ہوسکیں۔
یاد رہے کہ عرفان خان اور ستاپا کی شادی 24 سال قبل 1995 میں ہوئی تھی جس سے ان کے دو بیٹے 19 سالہ بابیل اور ایان ہیں۔

عرفان خان کےٹویٹر اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ ،جس نے دنیا کو ہلا کے رکھ دیا” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں