شعیب اختر کو قانونی مشیر کےخلاف نامناسب الفاظ کا استعمال مہنگا پڑ گیا

Spread the love

وکلا کے خلاف توہین آمیز گفتگو کرنے پر شعیب اختر کو ساڑھے چار کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ یاور ذوالفقار نے اپنے وکیل ندیم سرور کی وساطت سے شعیب اختر کو ساڑھے چار کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
قانونی نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ شعیب اختر نے اپنے بیان میں وکلا کی تضحیک کی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ شعیب اختر نے اپنی گفتگو میں وکلا برادری کی توہین کی ہے، اُن کا بیان کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
قانونی نوٹس کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ شعیب اختر چودہ روز میں وکلا سے غیر مشروط معافی مانگیں، اگر انہوں نے وکلا برادری سے معافی نہ مانگی توان کےخلاف عدالت میں کیس دائر کیا جائے گا۔
شعیب اختر نے قانونی مشیر کیخلاف نامناسب الفاظ استعمال کیے:
ترجمان پی سی بی نے کہا کہ شعیب اختر نے لیگل ڈپارٹمنٹ اورقانونی مشیر کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کیے۔
پی سی بی نے کہا کہ شعیب اختر کے الفاظ کے چناؤ پر مایوسی ہوئی ہے، اُن کی زبان کا استعمال انتہائی غیر مناسب اور ہتک آمیز ہے، کسی بھی مہذب معاشرے میں ان الفاظ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
پی سی بی کے لیگل ایڈوائزر تفضل رضوی نے کہا کہ شعیب اختر نے سوشل میڈیا کے ذریعے میرے خلاف غلط باتیں کی ہیں اور میں اب سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیےایف آئی اے کو درخواست دے رہا ہوں۔
پاکستان بار کونسل کا شعیب اختر کے بیان پر شدید ردعمل:
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی بار کے رکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شعیب اختر کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا، پاکستان بار کونسل ایسے مضحکہ خیز بیانات کی اجازت نہیں دے گی، وہ محتاط رہیں۔
یونس خان شعیب اختر کی حمایت میں بول پڑے:
پاکستان کے سابق لیجنڈری بیٹسمین یونس خان شعیب اختر کی حمایت میں بول پڑے، انہوں نے کہا کہ شعیب اختر نے مناسب اور تلخ سچائی کا اظہار کیا ہے۔
یونس خان نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شعیب اختر کے ریمارکس کا دیانت داری سے جائزہ لے۔سابق بیٹسمین نے کہا کہ میں شعیب اختر کے ساتھ کھڑا ہوں۔

2 تبصرے “شعیب اختر کو قانونی مشیر کےخلاف نامناسب الفاظ کا استعمال مہنگا پڑ گیا

اپنا تبصرہ بھیجیں