بھارتی اداکار رشی کپور67 سال کی عمر میں دنیاسےچل بسے

Spread the love

بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں چل بسے۔
موذی مرض کینسر کو شکست دینے والے رشی کپور کو سانس کی تکلیف کے باعث گزشتہ روز طبعیت بگڑنے پر ممبئی کے ایچ این ریلائنس اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال منتقل کرنے کے حوالے سے اطلاع ان کے بڑے بھائی رندھیر کپور نے دی تھی۔
رشی کپور کے لواحقین میں اہلیہ اداکارہ نیتو سنگھ، بیٹا رنبیر کپور اور بیٹی ردھیما کپور شامل ہیں۔
بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے سب سے پہلے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں رشی کپور کی موت کی خبر دی۔

امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’رشی کپور اِس دُنیا سے چلے گئے اور اُن کی موت نے مجھے توڑ دیا۔‘
رشی کپور نے امیتابھ بچن کے ساتھ 2018 میں کامیڈی فلم ’ 102 ناٹ آوٹ‘ میں کام کیا تھا۔
رشی کپور بالی وڈ کے مشہور کپور خاندان سے تعلق رکھتے تھے، وہ ماضی کے معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر راج کپور کے دوسرے بیٹے تھے۔
ان کے چار بہن بھائی رندھیر کپور، ریتو نندا، رما جین اور راجیو کپور ہیں۔
1973 میں فلم ’بوبی‘ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے رشی کپور نے آخری بار عمران ہاشمی کے ساتھ فلم ’دی باڈی‘ میں کام کیا تھا۔
ٹوئٹر پر فعال رہنے والے رشی کپور نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر بالی ووڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون کے ساتھ اپنی نئی فلم کا اعلان کیا تھا۔ یہ فلم ہالی ووڈ فلم ‘دی انٹرن’ کا ہندی زبان میں ری میک تھی۔

یہ بھی پڑھیے: بالی وڈ اداکار عرفان خان انتقال کر گئے

اداکار رشی کپور نے 150 سے زائد بھارتی فلموں میں کام کیا تھا، اُن کی بہترین فلموں میں بوبی، چاندنی، امر اکبر انتھونی، لیلیٰ مجنوں، حنا، بول، یہ وعدہ رہا، ہم کسی سے کم نہیں، بدلتے رشتے، عجوبہ اور دیگر دیگر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کرگئے تھے۔

بھارتی اداکار رشی کپور67 سال کی عمر میں دنیاسےچل بسے” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں