بالی وڈ اداکار عرفان خان انتقال کر گئے

Spread the love

بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کرگئے۔
عرفان خان کی معروف فلم ُپیکو‘ کے ڈائریکٹر شوجیت نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اداکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ہمیشہ عرفان خان پر فخر رہے گا۔
عرفان کی گزشتہ روز طبیعت شدید ناساز ہوگئی تھی ، ممبئی میں موجود اداکار کو انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کروا دیا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنی زندگی کی آخری سانسیں لی۔
عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔
عرفان خان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں اداکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک مضبوط روح کا مالک شخص دار فانی سے کُوچ کرگیا۔
اس سے قبل عرفان کان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ اداکار کو کولون انفیکشن سے متاثر ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبیعت شدید بگڑ گئی جس کے باعث انہیں آئی سی یو منتقل کرنا پڑا۔


عرفان خان کے ترجمان نے ان کی طبیعت کی خرابی اور آئی سی یو میں زیر علاج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار ڈاکٹروں کے زیر مشاہدہ ہیں، مداحوں کو ان کی طبیعت کے حوالے سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔
اداکار عرفان خان نے ہندی میڈیم، لنچ باکس، پیکو سمیت متعدد فلموں میں کام کیا، ہندی میڈیم میں انہوں نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔
واضح رہے کہ عرفان کی والدہ تین روز قبل بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جےپور میں انتقال کرگئیں تھیں، ملک گیر لاک ڈاؤن ہونے کے باعث عرفان خان نے والدہ کے جنازے میں ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے شرکت کی تھی۔
یاد رہے کہ عرفان خان کو 2018 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، بعد ازاں وہ اپنا علاج کرانے کے لیے امریکا چلے گئے تھے۔

2 تبصرے “بالی وڈ اداکار عرفان خان انتقال کر گئے

اپنا تبصرہ بھیجیں